بھٹکل 14؍ دسمبر (ایس اونیوز) بھٹکل کے ایک طالب علم کو پی یو سی دوم اور نیٹ امتحان میں بہترین درجے سے کامیابی حاصل ہونے کے باوجود اور سرکاری کوٹہ سے ایم بی بی ایس میں داخلے کے لئے سیٹ ملنے کے بائوجود غربت کی وجہ سے لڑکا داخلہ لینے سے معذور ہے اور اس ہونہار لڑکے نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کی مدد کریں اور ڈاکٹر بننے کا خواب پورا کریں۔
بھٹکل تعلقہ کے مُنڈلی کے اس لڑکے کا نام میرلک سیباسٹین ڈیسوزا ہے جو کہ انتھونی سیباسٹین ڈیسوزا کا بیٹا ہے۔اس کی والد ہ کا بیماری کی وجہ سے ایک سال قبل انتقال ہوچکا ہے جبکہ اس کے والد قلی مزدوری کرتے ہیں مگر اب کورونا وبا کے بعد سے انہیں کام دھندا بھی نہیں مل رہا ہے۔
انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے میرلک ڈیسوزا نے سدھارتھ پی یو کالج بھٹکل سےسال دوم کے فائنل امتحان اور پھر نیٹ امتحان میں بہترین درجے سے کامیابی حاصل کی جس کے بعد ٹمکورو کی شری دیوی میڈیکل کالج میں سرکاری کوٹہ سے ایم بی بی ایس میں داخلے کے لئے سیٹ مل گئی۔لیکن غربت کی وجہ سےا س لڑکے کےلئے ڈاکٹر بننے کا اپناخواب پورا کرنا ایک کٹھن مرحلہ اور اس کے مستقبل کے لئے ایک سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
ساحل آن لائن سے بات کرتے ہوئے میرلک نے بتایا کہ اسے نیٹ میں 525 مارکس حاصل ہوئے ہیں اور سرکاری کوٹہ سے سیٹ بھی مل چکی ہے، لیکن کالج فیس قریب چار لاکھ روپیہ فی سال بھرنے کے لئے رقم نہیں ہے۔ ایم بی بی ایس کا کورس پانچ سال کا ہوتا ہے اور اس حساب سے دیکھا جائے تو پورا کورس مکمل کرنے کے لئے بیس لاکھ روپئے کی ضرورت ہے۔
ایسے حالات میں اس ہونہار طالب علم کی زندگی کا مقصد پورا کرنے کے لئے عوام الناس کی طرف سے مالی تعاون کی سخت ضرورت ہے۔صاحب خیر حضرات کی طرف سے ہر ممکنہ مالی مدد اس طالب علم کی زندگی بنانے میں بڑا اہم کردارادا کرے گی۔اس کا فون نمبر اور بینک اکاؤنٹ نمبر اس طرح ہے:
سنڈیکیٹ بینک ، اکاؤنٹ نمبر 03052210033957
آئی ایف سی کوڈ: SYNB0000305
موبائل : 9606277641 91+
اگر کوئی بینک اکاونٹ کے بجائے راست نقد رقم اس طالب علم تک پہنچانا چاہیں تو ساحل آن لائن کے مینجر مبشر حُسین ہلارے سے رابطہ کرسکتے ہیں۔